ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو مرکزی ٹیم کا دورہ مکمل

سیلاب سے متاثرہ علاقوں کو مرکزی ٹیم کا دورہ مکمل

Sat, 15 Sep 2018 12:07:37    S.O. News Service

بنگلورو،15؍ستمبر(ایس او نیوز) ریاست کے سیلاب اور بارش سے متاثرہ ساحلی ملناڈ اور کورگ علاقوں کا دورہ کرنے کے لئے پہنچی ہوئی مرکزی ٹیم نے اپنا دورہ اور اعلیٰ افسروں سے ملاقات کے بعد دہلی روانہ ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمارسوامی کی طرف سے حال ہی میں وزیر اعظم مودی سے ملاقات کے دوران یہ مانگ کی گئی تھی کہ ریاست کے سیلاب زدہ علاقوں میں راحت کاری کے لئے فوری طور پر 2000 کروڑ روپیوں کی امداد مہیا کرائی جائے اور صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے اعلیٰ سطحی مرکزی ٹیم کرناٹک کو بھیجی جائے۔ اس گزارش کے فوراً بعد وزیراعظم کی ہدایت پر مرکزی وزارت داخلہ کے جوائنٹ سکریٹری کی قیادت میں اعلیٰ سطحی ٹیم کرناٹک کے دورے پر پہنچی ، دو دنوں تک ساحلی اور ملناڈ علاقوں میں تین تین افسروں پر مشتمل دو گروپوں نے اپنا معائنہ مکمل کیا۔ اور تباہی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ان ٹیموں کو مقامی انتظامیہ کی طرف سے تباہی کے بارے میں تمام معلومات فراہم کی گئیں اور اب تک ریاستی حکومت کی طرف سے راحت کاری کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کرایا گیا۔ اپنا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج اس ٹیم نے وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی اور چیف سکریٹری ٹی ایم وجئے بھاسکر کے ساتھ وزیراعلیٰ کی ہوم آفس کر شنا میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی جس میں چیف سکریٹری نے ریاستی حکومت کی طرف سے ٹیم کو تمام تفصیلات مہیا کرائیں۔

وزیر اعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی نے ٹیم کے اعلیٰ افسروں سے گزارش کی کہ انہوں نے تباہی کا جو جائزہ لیا ہے اس کی بنیاد پر کرناٹک کو زیادہ سے زیادہ امداد یقینی بناتے ہوئے مرکزکو رپورٹ پیش کریں۔ اعلیٰ افسروں نے یقین دلایا کہ فوراً وہ مرکزی وزارت داخلہ کو اپنی رپورٹ سونپ دیں گے، یہ توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ اس رپورٹ کی بنیاد پر ہی مرکزی حکومت کی طرف سے ریاست کو امدادی پیکیج کا اعلان کیا جاسکتاہے۔ 


Share: